مردان:چیمبر آف کامرس کےتنازعات ختم،انتخابات کیلئےکمیٹی قائم

مردان:چیمبر آف کامرس کےتنازعات ختم،انتخابات کیلئےکمیٹی قائم

مردان(تفہیم ڈاٹ پی کےآن لائن) مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مختلف گروپوں کے مابین گزشتہ کئی سالوں سے جاری تنازعہ مصالحتی کمیٹی نے حل کر کے فریقین کی مشاورت سے آئندہ انتخابات کے لئے ایگزیکٹو کمیٹی کے تیس اراکین کو نامزد کر دیا ہے۔مصالحتی کمیٹی نے چیمبر کے انتخابات 28ستمبر کو کرانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مردان چیمبر میں گزشتہ کئی سالوں سے مختلف گروپوں کے مابین تنازعہ چلا آرہا تھا اور گزشتہ سال تنازعے کی وجہ سے چیمبر کے انتخابات بھی نہیں ہوئے تھے۔ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن نے انتخابات نہ ہونے کے بعد چیمبر کے معاملات کو چلانے کے لئے ایڈمنسٹریٹر بھی مقرر کیا تھا ۔ڈی جی ٹی اونے مختلف گروپوں کے مابین تنازعات کے حل کے لئے ڈسٹرکٹ سیفٹی کمیشن کے چےئرمین حاجی عبد العزیز خان،سابق ایم پی اے مولانا امانت شاہ حقانی اور سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد یوسف کی سربراہی میں مصالحتی کمیٹی تشکیل دی اورنہیں چیمبر کے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرانے کی ہدایت کی ۔مصالحتی کمیٹی کے چےئرمین حاجی عبد العزیز خان نے ایسوسی ایٹ اور کارپوریٹ کے مختلف گروپوں سے یہ اختیارات لئے کہ کمیٹی کے فیصلے کو کسی بھی سطح پر چیلنج نہیں کیا جائے گا جس پر تمام گروپوں کے اراکین نے دستخط کر کے کمیٹی کو یہ اختیار دیا کہ انکے فیصلے کو من و عن تسلیم کیا جائیگا۔چیمبر کے مصالحتی کمیٹی کے چےئرمین حاجی عبد العزیز خان،مولانا امانت شاہ حقانی،ڈاکٹر محمد یوسف ،ایس پی آپریشن گل نواز خان اوراسسٹنٹ کمشنر عمران خان نے چیمبر کے تمام گروپوں کے نمائندوں اور کمیٹی کے اراکین کی مشاورت سے تیس رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان کردیا ہے جن میں ایسوسی ایٹ گروپ کے حاجی محمد اسلام،حاجی رحمت گل،حاجی میر افضل،حاجی جمال شاہ،غلام حبیب،حاجی سلطان مہمند،فضل ربی،وقار علی،عبد الجبار، ظاہر شاہ،انور حسین،اویس خان ،زولفت شاہ،شیر محمد،شاہ روز جبکہ کارپوریٹ سیکٹر کے شوکت،دوست محمد،قسمت احمد،تقویم الحق، ذاکر خان،محمد عبد السلام،کلیم امجد،زاہد علی،محمد اعجاز،فرید اللہ شاہ،علی اکبر،مرتضی شاہ،افتخار احمد،دلیل خان اور عباس خان شامل ہیں۔
مصالحتی کمیٹی نے الیکشن شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ صدارت کے لئے کاغذات نامزدگی26ستمبر کو داخل کئے جاسکیں گے جبکہ 27ستمبر کو جانچ پڑتال اور28ستمبر کو انتخابات ہونگے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چےئرمین حاجی عبد العزیز خان،مولانا امانت شاہ حقانی اورڈاکٹر محمد یوسف نے کہاکہ مردان چیمبر پر24لاکھ عوام کا حق ہے اور تاجروں اور صنعتکاروں کو چیمبر کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر اقدامات اٹھانے چاہےئے۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی نے مردان کے عوام کی خاطر باہمی مشاورت سے چیمبر کے تمام معاملات کو حل کر دیا ہے اوراب اراکین کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ مردان کی ترقی کے لئے آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال دیں اور چیمبر کو ایک قابل اعتماد ادارہ بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں