اب پی ٹی آئی میں بھی وہی لوگ جمع ہیں جنہیں عوام دیگرپارٹیوں میں ایک نہیں کئی بارآزما چکے ہیں جن کا احتساب ہونا چاہیے،سینیٹرسراج الحق کا کارکنان کے نام پیغام

پشاور(تفہیم ڈاٹ پی کےآمن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ملک میں انتخابات کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ ووٹ ملک و قوم کی امانت ہے اسے دیانتدار اور باکردار لوگوں کو دیجئے اور کسی خائن اور بدکردار کے حوالے یہ امانت نہ کیجئے ۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو قوم نے ایک دوبار نہیں ، کئی بار آزمایا ہے اب پی ٹی آئی میں بھی وہی لوگ جمع ہیں جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا مگر الیکشن کمیشن اور نیب نے انہیں کھلی چھوٹ دے دی ہے ۔ قوم کسی کے بہکاوے میں نہ آئے اور ان بہروپیوں کے بلند و بانگ دعوﺅں اور وعدوں پر اعتبار نہ کریں ۔ متحدہ مجلس عمل ملک کی بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد ہے ۔ ہم نے قوم کے سامنے وہ ہیرے پیش کیے ہیں جن کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔ ایم ایم اے کے کسی ایک امیدوار کے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیںاجلے کردار کے ان لوگوں نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے جس کا اعتراف ہمارے مخالفین بھی کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ آپ کے ووٹ کے نتیجہ میں اگر دیانتدار اور اسلام پسند قوتیں آگے آئیں گی اور ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کریں گی تو اس میں ووٹرز کا بھی پورا پور ا اجر و ثواب ہوگا اور اگر اس ووٹ کے ذریعے سے مذہب بیزار ، سیکولر اور بد دیانت لوگ اقتدار میں آئے تو ان کے گناہوں اور ملک و قوم کو ان کے ہاتھوں پہنچنے والے نقصان سے ووٹر بری الذمہ نہیں ہوسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت قوم جس عذاب میں مبتلا ہے ، وہ انہی حکمرانوں کا کیا دھرا ہے جنہیں لوگ ووٹ دے کر ایوانوں میں پہنچاتے رہے ۔ آج ملک پر 93 ارب ڈالر کا قرضہ ہے جبکہ پانچ سو ارب ڈالر سے زائد قومی سرمایہ بیرونی بنکوں میں پڑا ہے ۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والوں نے اپنے لیے اندرون و بیرون ملک محل تعمیر کیے ، قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بنائے جبکہ عوام آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور انہیں تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے عوام متحدہ مجلس عمل کے نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں ۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں