پنجاب کے وزرا اور ارکان اسمبلی کو بیوروکریسی سے ڈھیر شکایات, پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے شکایات کے انبار لگا دئے

لاہور (تفہیم ڈاٹ پی کے آن لائن) : پنجاب کے وزرا اور ارکان اسمبلی نے پنجاب کی بیوروکریسی کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے وزراورارکان اسمبلی بیوروکریسی سے تنگ آگئے ۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزرانے بیوروکریسی کے خلاف شکایات کے انبارلگا دیئے ۔ صوبائی وزرانے کہا اپنی وزارتو ں میں فائلیں مانگنے پر بھی نہیں دی جاتیں۔ صوبائی ارکان نے شکایت کی کہ چیف کمشنرزسمیت سرکاری افسران ہماری مخالفت کرتے ہیں، حلقے کے عوام مہنگائی سے متعلق سوال کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات کے مسودہ پرارکان کواعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے صوبائی ارکان اسمبلی کو حالات میں بہتری کی یقین دہانی کروائی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے ہی پنجاب کی حکومت مشکلات کا شکار رہی ہے۔ پہلے تو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان کو خود وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت میں سامنے آنا پڑا جس کے بعد پ پنجاب کے وزرا کے آپسی اختلافات کی خبریں بھی عام ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے کئی وزرا تو آپس میں بھی بات کرنے کےروادار نہیں ہیں۔ دوسری جانب حالیہ دنوں میں ہی صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے پنجاب حکومت کے اندرون خانہ چلنے والے معاملات کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کیے تھے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے غیر منتخب شدہ افراد سازشیں کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف بھی سازش ہو رہی ہے اور وہ اس سازش سے بخوبی واقف بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی کی مخالفت کی کوئی پرواہ نہیں ہے ، مجھے اپنی وزارت کی بھی کوئی پرواہ نہیں ہے، میں جب تک وزیر ہوں مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہم سے حسد کر رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف میں کچھ آستین کے سانپ ایسے بھی ہیں جو ہمارے مخالفین سے زیادہ ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، اور صرف اسی لیے کر رہے ہیں کیونکہ اُن کو حسد ہے کہ وہ اسمبلیوں میں نہیں پہنچ سکے اور ہم پہنچ گئے۔ تاہم اب صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی نے بیوروکریسی کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں