کھیلوں کی سرگرمیوں سے امن کو فروغ ملتاہے۔ حکومت فاٹا میں کھیلوں کی فروغ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے،اقبال ظفرجھگڑا

پشاور(ویب ڈیسک)گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے امن کو فروغ ملتاہے۔ حکومت فاٹا میں کھیلوں کی فروغ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اوراس ضمن میں کھیلوں کے میدان بھی تعمیر کئے جار ہے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے۔ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں فاٹا سے بھی ایک ٹیم حصہ لے گی تاکہ فاٹا کے مقامی کھلاڑیوں کو بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا موقع مل سکے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کے روزگورنر ہاوس پشاورمیں پاکستان سپرلیگ سیکنڈایڈیشن کی فاتح کرکٹ ٹیم پشاورزلمی کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے مالک جاویدآفریدی پشاور زلمی ٹیم کے دیگرکھلاڑی بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیرامیرمقام، ایف سی کمانڈنٹ پشاور،لیاقت علی ، قائمقام آئی جی خیبرپختونخوا اختر علی شاہ، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی صوبائی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھہ،فاٹا پارلیمنٹرینز ،شاہ جی گل آفریدی،غالب خان،نذیرخان اورکمشنرپشاورفخرعالم صاحب بھی موجود تھے۔گورنر نے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اورکہاکہ پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد بہت جلد نہ صرف ملک کے تمام کرکٹ سٹیڈیم آباد ہوں گے بلکہ دیگر کھیلوں کاانعقاد بھی پاکستان میں ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہاکہ کرکٹ ایک ایساکھیل ہے کہ پاکستانیوں کے دلوں کے بہت قریب ہیں اورپی ایس ایل انتظامیہ نے پاکستا ن میں فائنل کا انعقاد کرکے نہ صرف پاکستانیوں کے دل جیت لئے بلکہ پوری قوم کو بھی متحد کیا۔ انہوں نے فائنل کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج،سیکیورٹی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اوارکہا کہ ان کی کوششوں سے نہ صرف پرامن طریقے سے فائنل کاانعقاد ممکن ہوا بلکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک مثبت امیج بھی پیش ہوا۔ گورنر نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے یہ ثابت کردیاہے کہ ہماری تنہائی کے دن گزر گئے ہیں اورخوف کی فضاء ختم ہوگئی ہے اوردہشت گردوں کو شکست ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کامیابی صرف پشاور زلمی کی نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے اورپی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے عالمی کرکٹ پھر سے پاکستان میں بحالی کی طرف جائیگی۔ گورنر نے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پاکستا ن آنے کیلئے راغب کرنے پر پشاورزلمی ٹیم کے کھلاڑیوں اورعہدیداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر گورنر نے جاویدآفریدی صاحب کواعزازیہ شیلڈ سے نوازا اورروایتی پگڑی پہنائی۔ اسکے علاوہ زلمی ٹیم کے جوانوں کو چترالی پکول تحفے میں دیئے۔آخری میں جاوید آفریدی صاحب نے گورنرخیبرپختونخوا کو ٹرافی سے نوازا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shares
Skip to toolbar